Alshifa Natural Herbal Pharma

اپنےچہرے کو حسین بناٰ ئے

beautiful face
beautiful face

اپنےچہرے کو حسین بناٰ ئے

حسین و خوبصورت اور دوسری خواتین سے منفرد و ممتاز نظر آنا عورت کی فطرت کا ازلی خاصہ رہا ہے اس کے لئے بیشتر خواتین مختلف قسم کے جتن اور طریقے استعمال کرتی ہیں۔ مثلاً ہار‘ سنگھار‘ میک اپ‘ زیور اور ملبوسات وغیرہ تاہم اس امر میں کسی شبہ کی گنجائش نہیں کہ درج بالا اشیاءکا استعمال آپ کی شخصیت کو تبدیل اور جاذب بنانے میں عمدہ کردار ادا کرتا ہے لیکن ان کا سلیقے سے استعمال ہی آپ کی شخصیت کو دیگر خواتین کے مقابلے میںجداگانہ اور منفرد مقام بخش سکتا ہے۔

خواتین میں مقابلہ حسن کی یہ دوڑ کب سے جاری ہے اس کے متعلق کچھ عرض کرنا تو ممکن نظر نہیں آتا‘ ہاں یہ بات ضرور ہے کہ ہر عورت کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ دوسری خواتین سے مختلف نظر آنے کے لئے اپنی آرائش و زیبائش پر توجہ دے اگر آپ کا چہرہ نارمل ہے تو آپ خوب صورت نظر آسکتی ہیں اگر آپ خوش شکل ہیں تو پھر آپ کی تھوڑی سی محنت اور توجہ آپ کو دوسری خواتین کے مقابلے میں حسین و جمیل بنا سکتی ہے۔ اگر آپ چھوٹی چھوٹی باتوںپر توجہ دیتے ہوئے اپنے سراپے اور وجود پر نظر ڈالتے ہوئے عمل کریں گی تو کوئی وجہ نہیں کہ آپ محفل میں دوسروں سے منفرد و ممتاز نظر نہ آئیں‘ یہاں ہم آپ کو حسین و جمیل اور اسمارٹ بنانے کی کچھ تدابیر تحریر کر رہے ہیں امید ہے آپ ان پر عمل کرتے ہوئے اپنی شخصیت میں عمدہ نکھار اور جاذبیت پیدا کرنے میں کامیاب ہو جائیں گی۔ دراصل اپنی ذات پر توجہ دینا ہی کامیابی کی جانب پہلے قدم ہے آپ پہلا قدم اٹھائیں دیکھیں تو کامیابی حسن و خوبصورتی اور جاذبیت آپ کی دہلیز پر موجود ہے۔

آپ سب سے پہلے اپنے چہرے کی طرف توجہ دیں‘ اگر آپ کا چہرہ شاداب نظر آئے گا تو یقینی بات ہے کہ آپ دوسروں کی توجہ کا مرکز بن جائیں گی اس کے لئے آپ مختلف ماسک کا استعمال کر سکتی ہے‘ ماسک کے استعمال سے آپ کا چہرہ شاداب و حسین اور چمکتا دمکتا نظر آئے گا۔

کیلے کا ماسک

یہ ماسک خشک جلد کے لئے بہت مفید ہے کیونکہ یہ ماسک جلد کو قدرتی نمی اور مونسچرائزر فراہم کرتا ہے یہ ماسک چہرے پر لگانے سے پہلے چہرے کو دھو کر اچھی طرح خشک کرلیں ماسک بنانے کا طریقہ کچھ یوں ہے۔

”مسلا ہوا کیلا‘ پاﺅڈر کا دودھ اور ایک ٹی اسپون شہد کو ملا کر پیسٹ تیار کرلیں پھر چہرے اور پوری گردن پر لگائیں اس کے بعد ململ کے باریک کپڑے سے چہرے کو ڈھانپ لیں پندرہ منٹ کے بعد چہرہ اور گردن دھولیں۔

دہی کا ماسک

پھینٹا ہوا دہی اورشہد ملا کر کیلے کے ماسک کی طرح لگائیں‘ دہی کا ماسک جلد میں نمی پیدا کرتا ہے ساتھ ہی رنگت بھی نکھارتا ہے‘ کیل مہاسے اور چکنی جلد کے لئے یہ ماسک بہت نقصان دہ ہے ہاں خشک جلد والے اس ماسک کو استعمال کریں چہرہ شادب اور دمکنے لگے گا

ملتانی مٹی کا ماسک

شاید یہ واحد ماسک ہے جو ہر قسم کی جلد کے لئے مفید ثابت ہوتا ہے‘ یہ چہرے کے کھلے ہوئے مسامات کو بند کرتا ہے ساتھ ہی چہرے کی جلد کو کس دیتا ہے‘ اس ماسک کو ہر قسم کے چہرے والی خواتین استعمال کرسکتی ہیں اس کے بنانے کی ترکیب کچھ یوں ہے‘ کچی ملتانی مٹی‘ ایک انڈے کی سفیدی اور ایک ٹی اسپون شہد ملا کر اس کا پیسٹ بنالیں اور چہرے پر لگالیں‘ ماتھے سے لے کر گردن تک لگائیں چہرے اور گردن کا کوئی حصہ خالی نہ رہے‘ کوشش کریں کہ آنکھیں بند ہوں اور چہرہ بالکل سپاٹ رہے‘ جب آپ یہ محسوس کریں کہ پیسٹ خشک ہو گیا ہے اور تناﺅ محسوس ہونے لگے تو چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔

پپیتے کا ماسک

پپیتے کو چھیل کر ہاتھ سے مسل لیں پھر اس میں حسب ضرورت پاﺅڈر کا دودھ مکس کر کے پیسٹ بنالیں پھر بالکل کیلے کی ماسک کی طرح گردن اور چہرے پر لگائیں اس ماسک کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ دھوپ سے جلی ہوئی رنگت کو درست کر کے چہرے کے رنگ کو مزید نکھارتا ہے

تربوز کا ماسک
چہرے کو نمکیات فراہم کرنے اور اسے تروتازہ رکھنے میں یہ ماسک بہت اہمیت رکھتا ہے‘ بنانے کا طریقہ بہت ہی آسان ہے تربوز کی کروکش کر کے اس میں پاﺅڈر کا دودھ ملا کر پیسٹ بنالیں اور چہرے پر لگائیں‘ تربوز کا ماسک لگانے سے آپ کا چہرہ فریش نظر آئے گا

خشک جلد کا ماسک

ایک انڈے کی زردی پیالی میں ڈال لیں اس میں زیتون کے تیل کے چند قطرے ملالیں‘ اگر زیتون کا تیل نہ ہو تو روغنی بادام بھی استعمال کر سکتی ہیں دونوں کو ملا کر چہرے پر لگائیں جب خشکی پر آجائے تو اتار لیں‘ خشک جلد والی خواتین کے لئے یہ ایک عمدہ اور بہترین ماسک ہے اس سے چہرے میں نرماہٹ پیدا ہو گی

خشک جلد کا دوسرا ماسک

ملتانی مٹی (کچی) کو پیس کر اس میں تھوڑی سی پیسی ہوئی ہلدی ملالیں ساتھ ہی چند قطرے روغن بادم کے ڈال کر پیسٹ بنالیں‘ پیسٹ نرم ہونا ضروری ہے چہرے پر لگا کر پندرہ منٹ کے لئے چھوڑ دیں پھر چہرہ دھولیں‘ اس پیسٹ کے استعمال سے آپ کا چہرہ دن بدن نکھرتا چلاجائے گا۔

چکنی جلد کیلئے ماسک

ایک پیالی میں شہد ڈال کر اس میں لیموں کے چند قطرے اچھی طرح ملالیں جب مکس ہو جائے تو چہرے پر لگائیں پچیس منٹ کے بعد اسکن ٹانک لگا کر روئی کی مدد سے اتارلیں یہ ماسک خاص طور سے جھریوں زدہ چہرے کے لئے بہت مفید ہے جب ماسک اتر جائے تو چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔

چکنی جلد کیلئے دوسرا ماسک

ایک پیالی میں انڈہ توڑ کر سفیدہ نکال لیں‘ زردی الگ کردیں‘ سفیدہ میں چند قطرے لیموں کے عرق کے ملالیں پھر ٹی اسپون کی مدد سے اتنا پھینٹیں کہ پیالی میں سفید جھاگ بن جائیں اب اسے چہرے پر لگائیں جب خشک ہو جائے تو ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھولیں چکنی جلد کے لئے نہایت مفید ماسک ہے۔

نارمل جلد کا ماسک

ایک حصہ خشک پاﺅڈر دودھ اورایک حصہ کچی ملتانی مٹی لے کر اس میں زیتون کا تیل ملا لیں اس طرح کے نرم انداز کا پیسٹ تیار ہو جائے اب اسے چہرے پر لگا کر پندرہ منٹ انتظار کریں پھر اتار کر منہ دھولیں‘ نارمل جلد کے لئے بہترین ماسک ثابت ہوگا اس سے چہرہ بشاش اور دمکنے لگتا ہے۔

جلد

جلد کی درج ذیل اقسام ہیں‘ جس قسم کی جلد ہو اس کی مطابقت سے ماسک استعمال کریں‘ دیگر صورتحال میں نتیجہ خراب بھی ہو سکتا ہے۔

عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ جلد میں بھی تغیر و تبدیلی آنے لگتی ہے انسانی جلد خشک ہونے لگتی ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ہر قسم کی جلد وقت کے ساتھ ساتھ خشکی مائل ہوتی چلی جاتی ہے اگر آپ اپنی جلد اور سراپے کا خیال رکھیں گی تو تبدیلی کا یہ عمل دیر سے شروع ہوگا ہر جلد کے ماسک جداگانہ ہیں اسی طرح اس کی حفاظت کا انداز بھی دوسروں سے مختلف ہوتا ہے۔

چہرے کا ماسک

سب سے پہلے چہرے کا مساج کریں اور چہرے کی فالتو چکنائی و میل وغیرہ صاف کرلیں تولئے کو دھیرے دھیرے چہرے پر تھپکی دیں‘ اس طرح جلد کے مسام کھل جائیں گے۔ کسی بھی قسم کا ماسک لگاتے وقت ناک‘ کان‘ آنکھ اور دھانے کو ماسک سے بچائیں‘ آنکھوں پر روئی عرق گلاب میں بھگو کر رکھ دیں۔ ماسک کو چہرے پر دس منٹ سے بیس منٹ تک رہنے دیں‘ جیسا بھی ماسک ہو اس کے مطابق ٹھنڈے یا نیم گرم پانی سے اسفنج کی مدد سے اتاریں‘ جلدی نہ کریں‘ کچھ دیر بعد چہرے کو دھو کر تولیے سے تھپکی دیں پھر اسکن ٹانک لگائیں‘ فالتو لوشن کو تولئے کی مدد سے صاف کردیں‘ یاد رکھیں آپ جتنی احتیاط اور توجہ سے یہ عمل کریں گی اتنے ہی بہتر نتائج پائیں گی۔

صاف و شفاف جلد

جلد کو شفاف اور صاف ستھری رکھنے کے لئے ان ہدایات پر عمل کریں۔

٭…. غذا ہمیشہ متوازن استعمال کریں‘ شفاف جلد کے لئے پہلا قدم ہے۔

٭…. جلد کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

٭…. جلد کی خوبصورتی کے لئے گرمی ضروری ہے۔

٭…. اکثر و بیشتر اتنا وزن کرتی رہیں اس سے آپ اسمارٹ رہیں گی۔

٭…. پرانے میک اپ پر نئے میک کی تہہ نہ تھوپیں بلکہ پہلے کسی اچھے صابن سے چہرے کو دھولیں پھر میک اپ کریں۔

٭…. فکر اور پریشانی خوبصورتی کی سب سے بڑی دشمن ہیں اس سے بچنے کی حتی الامکان کوشش کریں۔

٭…. میک اپ صاف کرنے کے لئے کلیزنگ کریم کا استعمال عمدہ ہوتا ہے۔

٭…. ہمیشہ ہلکا میک اپ کریں زیادہ حسین نظر آئیں گی۔

٭…. چہرے کی مناسبت سے میک اپ کرنا پسند کریں

Leave a Comment

Scroll to Top