بیوی کے خاوند پر حقوق

بیوی کے خاوند پر حقوق

::::: حقوق الزوجین :::: میاں بیوی کے ایک دوسرے پر حقوق :::::
::::: بیوی کا رُتبہ و حیثیت :::::
بلا شک ”’خاوند جی”’ کو اللہ تعالیٰ نے بیوی پر برتری اور افضلیت عطاء فرمائی ہے ، اپنے کلام پاک میں اور اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زُبان مبارک سے خاوند کو بیوی کا مالک و آقا قرار دِیا ہے ، لیکن اُسے یہ اجازت نہیں دی کہ وہ اپنی اِس برتری کو جب ،جہاں اور جیسے چاہے اِستعمال کرتا پھرے ، جِس خالق و مالک نے جیسے چاہا خاوند کو برتری عطاء فرمائی ،اِسی خالق و مالک نے جیسے چاہا خاوندکو اپنی طرف سے دی گئی برتری کے استعمال کے لیے حد بندی کر دی ، اور وہ اللہ ہے جو اکیلا خالق ہے اور اُس کے عِلاوہ ہر کوئی اُس کی مخلوق ہے ، اور خالق اپنی مخلوق کے بارے میں کِسی بھی دوسری مخلوق سے بڑھ کر یقینی عِلم رکھنے والا ہے اور زبردست حکمت والا ہے ،
پس اپنی حکمت سے اُس نے خاوند کو عظمت دی اور اپنی حکمت سے اُس کے لیے حدود مقرر فرمائیں اور اپنی کتاب میں اُن کو ذِکر فرمایااور اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زُبان مُبارک سے جب چاہا اُن حدود کو بیان کروایا ،

خاوند حضرات اپنی برتری کی سرشاری میں یہ مت بھولیں کہ اُنکے خالق و مالک نے اُنہیں برتری عطاء فرمانے سے پہلے اُنہیںیہ بھی بتا یا ہے کہ ( وَلَھُنَّ مِثلُ الَّذِی عَلِیھِنَّ بِالمَعرُوفِ )( اور عورتوں کے لیے بھی ویسا ہی (حق) ہے جیسا کہ اُن پر (مَردوں کا حق )ہے ) اور پھر فرمایا ( ولِلرِّجَالِ عَلِیھِنَّ دَرجۃٌ) ( اور ( اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ہے کہ ) عورتوں پر مَردوں کا درجہ( بلند ) ہے ) سورت البقرۃ/آیت ٢٢٨
اور خاوند کے لیئے حُکم فرمایا ( و عاشِرُوھُنَّ بِالمَعرُوفِ ) ( اور اُن کے ساتھ نیکی والا رویہ رکھتا ہوئے زندگی بسر کرو ) سورت النساء /آیت٤،
عاشر کا لفظیٰ معنی ::::: مل جل کر زندگی بسر کرنا بنتا ہے ، اور میل جول بُرائی اور ظُلم والا بھی ہوتا ہے اور نیکی اور بھلائی والا بھی ، اللہ تعالیٰ نے خاوندوں کو یہ حُکم دِیا کہ اپنی بیویوں کے ساتھ نیکی ، بھلائی اور خیر والی زندگی بسر کریں ، نہ کہ بُرائی اور ظُلم والی ، یہ ایک عام اجمالی حُکم ہے جو زندگی کے ہر پہلو کو ڈھانپ لیتا ہے ، اورمزید وضاحت کے ساتھ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے احکام صادر فرمائے ، آئیے اُن کا مُطالعہ کرتے ہیں ،
::::: خاوند پر بیوی کے حقوق:::::
:::::پہلا حق ::: بیوی کا مہر ادا کرنا :::::
اللہ سُبحانہُ و تعالیٰ کا حُکم ہے (وَآتُوا النَّسَاء صَدُقَاتِہِنَّ نِحلَۃً)( اور بیویوں کو اُن کا مہر ادا راضی خوشی ادا کرو) سورت النساء /آیت ٤ ،
اور مزید حُکم ہے (فَمَا استَمتَعتُم بِہِ مِنہُنَّ فَآتُوہُنَّ اُجُورَہُنَّ فَرِیضَۃ)( اور جو تُم نے اُن سے(جنسی) لذت و فائدہ حاصل کیا ہے اُس کے لیے اُن کی قیمت (مہر) ادا کرو ، یہ( تُم پر) فرض ہے ) سورت النساء /آیت ٢٤،
اور مزید حُکم فرمایا (فَانکِحُوہُنَّ بِاِذنِ اَہلِہِنَّ وَآتُوہُنَّ اُجُورَہُنَّ بِالمَعرُوف)( اور عورتوں سے اُن کے گھر والوں کی اجازت سے نکاح کرو اور اُن عورتوں کو اُن کی قیمت معروف طریقے پر ادا کرو) سورت النساء /آیت ٢٧
عورت اپنے نکاح کو جو مہر مقرر کرے اور جِس پر اُس سے نکاح کرنے والا اتفاق کر لے وہ مہر اُس عورت کا خاوند پر حق ہو جاتا ہے ، ہم بستری ہو چکنے کی صورت میں وہ خاوند وہ مہر ادا کرنے کا ذمہ دار ہے ، فوراً یا بعد میں جیسے بھی نکاح سے پہلے اتفاق ہوا تھا ۔
::::: اہم فوائد ::::: اُوپر ذِکر کی گئی آیات میں سے دوسری آیت مکمل پڑہی جائے تو ”’ متعہ ”’ کا حرام ہونا ثابت ہوتا ہے ، اور آخری آیت کورٹ میرج اورکِسی عورت کا اپنے گھر والوں کی اِجازت کے بغیر نکاح کرنے کو حرام قرار دینے کے دلائل میں سے ایک ہے ،
::::: دوسرا حق ::::: خاوند بھی خود کو بیوی کے لیے صاف سُتھرااور بنا سنورا رکھے :::::
اُوپر بیان کی گئی دو میں سے پہلی آیت مُبارکہ کی تفسیر میں ، مُفسرِ قُران عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما کا فرمان ہے ::: ( مجھے یہ بات پسند ہے کہ میں اپنی بیوی کے لیے خود کو بنا سنوار کر رکھوں جیسا کہ میں یہ پسند کرتا ہوں کہ وہ میرے لیے بنی سنوری رہے ، کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ( وَلَھُنَّ مِثلُ الَّذِی عَلِیھِنَّ بِالمَعرُوفِ )( اور عورتوں کے لیے بھی ویسے ہی (حق) ہے جیسا کہ اُن پر (مَردوں کا حق ہے ) ) تفسیر ابن کثیر ، سورت البقرۃ / آیت ٢٢٨ ،
::::: تیسرا حق ::: نرمی والا رویہ رکھے اور اُسے (بلا حق ) تکلیف اور اذیت نہ پہنچائے :::::
بیوی کے حقوق میں سے یہ بھی ہے کہ اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حُکم کی نافرمانی کے عِلاوہ اگر کِسی اور معاملے میں اُس سے کوئی غلطی ، کوتاہی وغیرہ ہوتی ہو تو خاوند اُسکے ساتھ نرمی والا رویہ رکھے اُس پر سختی نہ کرے اور زُبان یا ہاتھ سے یا کِسی بھی طور اُسے دُکھ یا اذیت نہ پہنچائے، اور صبر کرتے ہوئے اُسے سمجھاتا رہے ، اور اُسکی غلطیوں کوتاہیوں پر صبر کرنے کےلیے اُسکی نیکیوں اور اچھائیوں کی طرف توجہ کرے ، جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حُکم دِیا ( لَا یَفرَک مُؤمِنٌ مؤمنۃٌ اِن کَرِہَ مِنہَا خُلُقًا رَضِی مِنہَا آخَرَ ) ( کوئی اِیمان والا (خاوند) کِسی اِیمان والی (بیوی) کو غُصہ(و غم) نہیں دِلاتا ، اگر اُس (بیوی )کا کوئی کام خاوند کو نا پسند ہو تو کوئی دوسرا کام پسند بھی ہو گا) صحیح مُسلم / حدیث ١٤٦٩ /کتاب الرضاع / باب ١٨ ،
اور جیسا کہ ایک دفعہ ایک صحابی رضی اللہ عنہُ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا ::: اے اللہ کے رسول ہماری بیویوں کا ہم پر کیا حق ہے ؟ ::: تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ( اَن تُطعِمَہَا اِذ طَعِمتَ وَتَکسُوَہَا اِذا اکتَسَیتَ او اکتَسَبتَ ولا تَضرِب الوَجہَ ولا تُقَبِّح ولا تَہجُر اِلا فی البَیتِ ) ( (بیوی کا حق )یہ ہے کہ جب تُم کھاؤ تو اُسے بھی کِھلاؤ اور جب تُم (نئے) کپڑے پہنو یا کمائی کرو تو اُسے بھی پہناؤ ، اور نہ اُسکے چہرے پر مارو ، اور نہ اُسکے لیے (کچھ) بُرا ہونے کی دُعاء کرو ، اور نہ ہی گھر سے باہر کہیں اُسکو خود سے الگ کرو ) سُنن ابی داؤد /حدیث ٢١٤٢ /کتاب النکاح /باب ٤٢، مُسند احمد /حدیث ٢٠٠٢٥ / حدیث حکیم بن معاویہ /پہلی روایت ، سنن ابن ماجہ / حدیث ١٨٥٠ /کتاب النکاح/ باب٣،اِمام الالبانی نے کہا حدیث حسن صحیح ہے ۔

Share this post

Leave a Reply