Al-Shifa Naturla Herbal Laboratories (Pvt), Ltd.    HelpLine: +92-30-40-50-60-70

سبزیوں میں قدرتی نمکیات

اللہ تعالیٰ نے دنیا میں کوئی شئے بھی بےکار پیدا نہیں کی مگر کسی بھی شئے کی زیادتی صحت و تندرستی کے لیئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے ۔ عموماً یہ سوچا جاتا ہے کہ دالیں اور سبزیاں کم تو جبکہ گوشت اچھی اور بہتر غذا ہے ، یہ سوچ قطعاً غلط ہے ۔ دالیں اور سبزیاں بھی گوشت کی طرح ایسے ہی غذائی اجزاء رکھتی ہیں جو انسانی صحت و تندرستی کے لیئے اشد ضروری ہیں ۔ یہاں اس بات کا دھیان رکھنا بھی لازمی ہے کہ گوشت یا صرف سبزیاں کھانا ہی ٹھیک نہیں بلکہ ان کا مناسب امتزاج ہی صحت کی علامت ہے ۔
سبزیاں اب عالمی طور پر غذا کے علاوہ ضرورت بن چکی ہے ، کیونکہ جدید ریسرچ نے یہ بات ثابت کر دی ہے کہ جو لوگ غذا میں سبزیوں کی مناسب مقدار شامل رکھتے ہیں ، ان میں بیماریوں کے امکانات کافی کم ہوتے ہیں ۔ سبزیوں میں قدرتی نمکیات ، معدنیات ، اور وٹامنز کا خزانہ ہوتا ہے کیونکہ ان میں نمکیات کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو جسم کے لیئے اشد ضروری ہوتے ہیں ۔
اروی ۔
اروی تاثیر کے لحاظ سے گرم تر ہوتی ہے ، بھوک بڑھاتی ہے ۔ خشک کھانسی میں اکثیر اور بلغمی طبعیت میں نقصان دہ ہوتی ہے ۔گرم خشک مزاج کو موافق ہوتی ہے ۔ۃضم کرنے میں ثقیل اور قابض ہوتی ہے ۔ اس لیئے ضروری ہے کہ اس کی تیاری میں گرم مصالحہ اور اجوائن وغیرہ استعمال کیا جائے ۔

پالک ۔
پالک بہت طاقت ور سبزی ہے ، اس میں موجود فولاد سے جسم میں طاقت و قوت کی کمی پوری ہوتی ہے ۔ پالک جلد ہضم ہو جاتی ہے اور قبض کشا ہوتی ہے ۔پالک ، پتھری یرقان اور گرمی کے بخار میں فائدہ مند ہوتی ہے ۔ یہ جسم میں خون کی مقدار بڑھاتی اور جگر کو مضبوط کرتی ہے ۔ حکماء کے مطابق کشتہء فولاد سے خون اتنی تیزی سے نہیں بنتا جتنا پالک کے استعمال سے بنتا ہے ۔ پالک پکانے سے پہلے اسے مناسب طریقے سے دھو لینا چاہیئے تاکہ اس میں لگی ریت اور مٹّی نکل جائے ۔

شلجم ۔

شلجم تاثیر کے لحاظ سے قدرت گرم تر ہوتے ہیں ۔ معتدل ، ہلکی پھلکی اور زود ہضم غذا ہے ۔ اس میں نشاستہ نہیں ہوتا مگر حرارت بخش ہوتے ہیں ۔ شوگر کے مریضوں کے لیئے نہایت مفید ہے ۔ قبض کشا ہے ، اور اس میں وٹامن اے ، بی اور سی پائے جاتے ہیں ۔ شلجم میں پانی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے ۔ اس لیئے اس کو پکاتے وقت زیادہ پانی استعمال نہیں کرنا چاہیئے ۔اس میں سیاہ زیرہ ، ادرک اور سونٹھ شامل کرنے سے اس کے بادی اثرات ختم ہوجاتے ہیں ۔

آلو ۔
آلو پوری دنیا کی ہردلعزیز سبزی ہے ، مگر یہ پوری دنیا میں سارا سال نہیں ملتی ۔ پاکستان میں خوش قسمتی سے اس کی فصل بہترین ہوتی ہے اور یہ عوام النّاس کی پسندیدہ غذا ہے ۔آلو سرد خشک تاثیر کا حامل ہوتا ہے ۔ آلو میں فولاد ، کیلشئیم ، پوٹاشیئم اور فاسفورس کی خاصی مقدار ہوتی ہے ۔جو جسمانی نشونما کے لیئے بہت مفید ہے ۔ اس کے علاوہ آلو میں میگنیشیئم ، سوڈیم ، گندھک ، کلورین اور آیوڈین بھی ہوتی ہے ۔یہ اجزا بھی انسانی صحت کے لیئے بہترین ہیں ۔ آلو میں وٹامن اے بی اور سی بھی پایا جاتا ہے ۔ آلو کو زیادہ پکانے سے اس کے وٹامنز ضائع ہو جاتے ہیں ، آلو کو اُبال کر کھانا مفید ہے ۔

گاجر ۔

گاجر قدرتی طور پر قوتِ مدافعت کا نظام مضبوط کرنے میں مدد دیتی ہے ۔اس میں وٹامن کا وسیع خزانہ موجود ہوتا ہے ۔ گاجر میں وٹامن ، اے ، بی ، سی ، فولاد ، فاسفورس ، نشاستہ اور شکر کی وسیع مقدار ہوتی ہے ، نمکیات کی مناسب مقدار بھی ہوتی ہے جو جسم سے روزآنہ خارج ہونے والے نمکیات کی کمی کو پورا کرتی ہے ۔ گاجر کا جوس پینے سے تیزی سے خون بنتا ہے ۔ گاجر سے بصارت تیز ہوتی ہے ، گاجر خون صاف کرتی ہے ، دل کے امراض ، پتھری اور یرقان میں مفید ہوتی ہے ۔ گاجر سے جگر ، معدہ اور گردے پر بہت اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ شہد میں گاجر کا مربہ بنا کر کھانے سے زبردست طاقت و توانائی حاصل ہوتی ہے ۔ گاجر کا حلوہ اور گجریلا بدن کو موٹا کرتا ہے ۔گاجر کو کچّا کھانا بھی بہت مفید ہے ، اس سے دیگر فوائد کے علاوہ دانت اور مسوڑھے مضبوط ہوتے ہیں ۔

ٹماٹر ۔
ٹماٹر کی تاثیر معتدل خشک ہوتی ہے یہ انتہائی مفید اور صحت پرور ہوتا ہے ۔ ٹماٹر میں وٹامن اے بی اور سی کی کثیر مقدار ہوتی ہے ۔ٹماٹر خون پیدا کرتا ہے ۔ اس میں مختلف نمکیات اور فولاد ہوتا ہے جو جسم کی نشونما کے لیئے ضروری ہے ۔ٹماٹر کچّا اور پکّا دونوں صورتوں میں مفید ہے ۔ ٹماٹر قبض رفع کرتا ہے اور آنتوں کے لیئے اکثیر ہے ۔ جسم میں قوتِ مدافعت بڑھاتا ہے ، ٹماٹر کا رس بچّوں کی صحت کے لیئے اچھا ہے اور دانتوں کی حفاظت کرتا ہے ۔

مٹر ۔
مٹر کی تاثیر سرد خشک ہوتی ہے ۔ مٹر زود ہضم اور مقوی غذا ہے جس سے انسان میں خون اور گوشت بڑھتا ہے ، مٹر میں گندھک ، فاسفورس ، نائٹروجن اور پروٹین جیسے اجزاء پائے جاتے ہیں ، مٹر پھیپھڑے کے مریضوں کے لیئے بہت مفید ہے اور اس سے پیچش میں آرام ملتا ہے ، خشک مٹر کا شوربہ بہت قوت بخش ہوتا ہے ، مٹر کھانے کے بعد پانی پینے سے پرہیز کرنا چاہیئے وگرنہ مٹر بدہضمی کا باعث ہوتا ہے ۔

پھول گوبھی ۔
پھول گوبھی ایک ایسی سبزی ہے جو وٹامن سے بھرپور ہوتی ہے ۔ پھول گوبھی ہڈیوں کو مضبوط بناتی ہے ، اس کو پکاتے وقت کم پانی استعمال کرنا چاہیئے ، پھول گوبھی سرد خشک ہوتی ہے اس کے استعمال سے پیشاب زیادہ آتا ہے مگر یہ دیر سے ہضم ہوتی ہے ۔ اس لیئے پیٹ کے جملہ امراض اور بیمار افراد کے لیئے مفید ثابت نہیں ہوتی ۔ گوبھی کو ادرک ڈالے بغیر نہیں پکانا چاہیئے ۔

بند گوبھی ۔

بند گوبھی قبض کشا اور پیشاب آور ہوتی ہے ۔ یہ خون صاف کرتی ہے اور شوگر کے مریضوں کے لیئے بہت مفید ہے ۔ کیونکہ اس میں نشاستہ اور شکر نہیں ہوتی ۔

لہسن ۔
پاکستان میں لہسن کو مصالحے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے لیکن لہسن انتہائی بہترین شئے ہے ۔اس کے استعمال سے دل و دماغ اور جسم کو قوت حاصل ہوتی ہے ۔ لہسن تاثیر میں گرم خشک ہوتا ہے ، یہ جسم میں کولسٹرول کی مقدار کو مناسب سطح پر رکھتا ہے اور خون بڑھاتا ہے ، جسم میں موجود غیر ضروری جراثیم مارتا ہے ، چہرہ تروتازہ کرتا ہے ۔ لہسن ، فالج ، لقوہ ، دمّہ ، کھانسی ، دل کی کمزوری ، سردی لگنے ، جوڑوں کے درد ، پھیپھڑے کے زخم ، تپِ دق اور پرانے بخار میں دوا کی طرح کام کرتا ہے ۔

پیاز ۔

پیاز کی تاثیر گرم ہے مگر پیاز بھی نہایت مفید ہے ۔ پیاز قدرتی طور پر جراثیم ختم کرنے والی غذا ہے اس سے قبض رفع ہوتا ہے ، اس میں پروٹین بھی ہوتی ہے جو حرارت پیدا کرنے والے اجزاء اور معدنی اجزاء پر مشتمل ہوتی ہے ، پیاز جسم میں گندھک کی مناسب مقدار برقرار رکھتا ہے ، کچّی پیاز ہاضم ہے ، پیاز کا پانی دِق کے مریضوں کے لیئے اکثیر ہے ۔پیاز کا عرق شہد کے ساتھ استعمال کرنے سے جسمانی طاقت میں بے پناہ اضافہ ہوتا ہے ۔

مولی ۔

مولی کو عام طور پر ٹھنڈی تاثیر کا سمجھا جاتا ہے مگر مولی گرم تر ہوتی ہے ۔ مولی ، بواسیر ، تلّی ، یرقان ، دمّہ ، معدہ اور پتّہ کے لیئے اکثیر ہے ۔مولی یورک ایسڈ کم کرنے میں بہت مدد دیتی ہے ۔ مولی گردے صاف کرتی ہے اور فضلات کو خارج کرتی ہے ۔

لوکی ۔

لوکی سرد تر اور زود ہضم ہوتی ہے ۔ قبض کشا اور پیشاب آور ہوتی ہے ۔ گرمی اور لو لگنے کا بہترین علاج ہے ، لوکی پاؤں پر لگانے سے گرمی ختم ہو جاتی ہے ۔

ٹنڈے ۔

ٹنڈے سرد تر ، قبض کشا اور زود ہضم ہوتے ہیں ، گرمی کے بخار ، پیشاب کی جلن اور خشک کھانسی میں اکثیر ہیں ۔

چقندر ۔

چقندر میں شکر اور وٹامن کی وسیع مقدار پائی جاتی ہے ۔ اس سے چینی بھی بنائی جاتی ہے ، اس کی تاثیر گرم ہوتی ہے ، چقندر جسم میں فولاد پیدا کرتا ہے ، خون کو بڑھاتا ہے اور جوڑوں کے درد میں مفید ہوتا ہے ۔ تاہم سبزی کے ساتھ ساتھ تمام قسم کے گوشت ، خاص طور پر مرغی ، انڈے اور مچھلی بھی کھانا ضروری ہے تاکہ جسم کو متوازن غذا مل سکے ۔
یہاں چند سبزیوں کا ذکر کیا گیا ہے ، بہرحال ہر سبزی فوائد سے بھرپور ہے ۔ صحیح وقت پر کھانا کھایا جائے ، بسیار خوری سے پرہیز کی جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم اپنی زندگی کو صحت مند اور خوش و خرم طریقے سے نہ گزار سکیں ۔

Leave a Reply